کتابوں میں منبر سلونی کے خطیب بے بدیل کا غیر منقوط خطبہ بھی منقول ہے کچھ لوگوں نے پوری کتابیں غیر منقوط حروف سے لکھی ہیں جس کی واضح مثال ہن...
کتابوں میں منبر سلونی کے خطیب بے بدیل کا غیر منقوط خطبہ بھی منقول ہے کچھ لوگوں نے پوری کتابیں غیر منقوط حروف سے لکھی ہیں جس کی واضح مثال ہندوستان کے مغل بادشاہ اکبر کے مشیر ملا فیضی کی تفسیر "سواطع الالہام" ہے۔
ملا فیض نے اپنی تفسیر میں ایک بھی نقطے والا حرف نہیں آنے دیا لیکن اس طرح کی کتابیں "آورد" پر مبنی ہیں اور گہرے سوچ بچار کا نتیجہ ہیں جب کہ امیر المومنین علیہ السلام کے ہاں "آورد" کی بجائے "آمد" دکھائی دیتی ہے آپ علیہ السلام نے یہ خطبہ فی الہدیہہ کہا تھا اسی لئے اسے دنیاۓ ادب کا معجزہ قرار دیا جاسکتا ہے۔
غیر منقوط خطبہ:
مولا امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے غیر منقوط خطبہ کا ترجمہ یوں ہے:
"تمام حمد اس االلہ کیلئے ہے جو کہ قابل حمد بادشاہ ہے اور محبت رکھنے والا مالک ہے اور ہر مولود کی تصویر بنانے والا ہے اور رندہ فرد کا سہارا ہے وہ زمین کا بچھانے والا ہے اور ٹیلوں کو بلندی دینے والا ہے اور بارشوں کو روانہ کرنے والا ہے اور مطالب میں آسانی پیدا کرنے والا ہے۔وہ تمام اسرار کا ادراک و علم رکھتا ہے اور ملکیتوں کو تباہ اور ہلاک کرنے والا ہے اور زمانوں کو لپٹنے والا ہے اور جملہ امور کا فقط آغاز وانجام ہے اس کی سخاوت عام ہے اور اس کا فیاض کامل ہے۔ وہی پانی کو جاری کرنے والا ہے اور سوال اور امید میں اسی نے مطابقت پیدا کی ہے اسی نے ریت کو وسعت دی اور اسے باریکی عطا کی ہے۔
میں اس کی ایسی حمد بجا لاتا ہوں جو کہ پھیلی ہوئی ہے اور میں اس کی توحید کا اقرار کرتا ہوں جیسا کہ نرم دل انسان اقرار توحید کرتا ہے وہ اللہ ہے امتوں کا اس کے سوا اور کوئی معبود نہیں ہے خدا جس کو سیدھا کر دے اسے کوئی ٹیڑھ نہیں کر سکتا۔
خدا نے محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اسلام کا رہنما اور حکام کا امام بنا کر بھیجا اور رعیت کی اصطلاح کرنے والا اور ودوخواع جیسے بتوں کے خود ساختہ احکام کو باطل کرنے والا بنا کر بھیجا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اعلان کیا اور تعلیم دی اور مضبوط فیصلے کیے۔ اللہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روح پر سلام بھیجے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محترم آل اور خاندان پر رحم فرمائے جب تک کوئی ستارا چمکتا رہے اور جب تک جہان قائم رہے اور پہلی کا چاند طلوع ہوتا رہے اور شور سنا جاتا رہے۔
لوگو! خدا تمہاری نگہبانی کرے اچھے اعمال بجا لاتے رہو اور حلال کے راستوں پر گامزن رہو اور حرام کو دور پھینک دو اور اسے چھوڑ دو اور خدا کے فرمان کو سنتے رہو اور اسے حفظ کرو۔ صلہ رحمی کرو اور اس کی نگہبانی کرو۔ خواہشات کی نافرمانی کرو اور انہیں کچل دو اور باصلاحیت اور اہل تقویٰ سے رشتہ داری قائم کرو، لہو اور طمع کار لوگوں کے گروہ سے علیحدہ رہو تم سے رشتہ کی درخواست اسی کی ہے جو کہ آزاد افراد میں پاکباز فرد ہے اور سرداری کے قابل ہے اور جو ہر لحاظ سے بہتر ہے۔ اس نے تمہارا قاصد کیا ہے اور تمہارے ہاں اترا ہے اور تم سے زوجیت کا طلبگار ہے اور اس نے اپنی دلہن کے لیے وہی مہر مقرر کیا ہے جو رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت ام سلمہ رضی اللہ کے لیے مقرر کیا تھا وہی بہترین داماد ہے اور وہ اپنے ارادوں کا مالک ہے وہ کمزور اور کاہل نہیں ہے۔ میں اللہ سے سوال کرتا ہوں کہ اس کا وصال بہتری لائے اور سعادت کا ذریعہ ثابت ہو خدا سب کو اصلاح حال اور معاد کی تیاری کی توفیق بخشے اس کے لیے ابدی حمد ہے اور اس کے رسول احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے مدح ہے۔"
تبصرے